میرانشاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے ہیڈ کواٹرز میرانشاہ سے 60 کلو میٹر دور مغرب کی جانب طالبان کے سجنا اور شہریار گروپوں میں جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 12 افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ چند روز پہلے بھی شمالی وزیرستان کے کئی علاقوں میں ان دونوں گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ متعدد بار ان کے درمیاں جرگے ہوئے لیکن کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔
اس سے پہلے میرانشاہ بازار میں بم دھماکے میں دو شدت ہلاک جبکہ خیبر ایجنسی میں دھماکے سے امن کمیٹی کے 2 رضا کار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ میرانشاہ بازار میں بم دھماکا گاڑیوں کے اڈے میں ہوا۔ دو افراد نے جونہی موٹر سائیکل کھڑی کی زور دار دھماکا ہوا جس سے دونوں مارے گئے۔ دونوں شدت پسند تھے تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ نشانہ بنے یا کسی کو ٹارگٹ کرنے جا رہے تھے۔ خیبر ایجنسی کے بازار ذخا خیل میں توحید اسلام امن کمیٹی کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم کا نشانہ بنا دیا گیا جس سے دو رضا کار کرنل اور عرفات جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔