شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کا حملہ، سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید سپاہی سمیت شہید

Second Lieutenant Abdulmeed

Second Lieutenant Abdulmeed

راولپنڈی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں بزدل دہشتگردوں نے چھپ کر سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پہاڑی علاقے میں چھپے دہشتگردوں نے فوجی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ شہید افسر عبدالمعید کا تعلق بورے والہ وہاڑی سے تھا، 21 سالہ عبدالمعید حال ہی میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہوئے تھے جبکہ شہید سپاہی بشارت کی عمر بھی 21 سال تھی اور تعلق گلگت کے علاقے دنیور سے تھا۔

دوسری جانب آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں شہید جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا دھرتی ماں کے لئے بیٹوں کو قربانی دینا پڑتی ہے۔

خیال رہے گزشتہ ماہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر اسحاق شہید ہوگئے تھے، 28 سالہ میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا۔ شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سالہ بیٹا شامل ہے۔ میجر اسحق کا تعلق 118 لانگ کورس سے تھا اور انہوں نے اکتوبر 2008 میں کمیشن حاصل کیا۔

افغانستان سے دہشت گردوں کے باجوڑ ایجنسی میں سرحدی چیک پوسٹ پر حملے میں کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم شیر نے جام شہادت نوش کیا۔ کیپٹن جنید حفیظ شہید کی عمر صرف 24 سال تھی اور انہوں نے 2013ء میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ شہید کیپٹن ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھتے تھے اور برما ٹاؤن اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے جبکہ این ایل آئی کے 27 سالہ سپاہی رحم شیر مردان کے رہائشی تھے۔ ان کے سوگواران میں بیوہ اور دیگر رشتہ دار شامل ہیں۔