شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا خاتمہ

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے شمالی وزیرستان میں مبینہ دہشت گردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا مبینہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ختم کردیا گیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں اور دہشت گرد جہاں کہیں بھی چھپے ہیں، انہیں ڈھونڈ نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو تیزی کے ساتھ ختم کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ راہِ فرار اختیار کررہے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جمہوری ملک میں شدت پسندی اور عسکریت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور دہشت گردوں کا تمام صوبوں میں تعاقب کیا جائے گا۔ خواجہ آصف کے مطابق سول اور ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔