میران شاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب جاری ہے۔ میر علی کے قریب بمباری سے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے 12 نے ہتھیار ڈال دیے۔ نقل مکانی کرنیوالے متاثرین کے بچوں کو دوسرے روز بھی پولیو ویکسین دی جارہی ہے۔ دوردراز بسنے والے متاثرین کے لئے موبائل ٹیمیں بھی بنادی گئی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بدھ کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 5 ٹھکانے تباہ کردئے گئے۔ 12 دہشت گردوں نےہتھیار ڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔ آپریشن کے باعث شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے آنے متاثرین کے 5 سال سے کم عمر بچوں کیلیے 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج دوسرا روز ہے۔
مہم کے پہلے روز بنوں، کرک، لکی مروت، ہنگو،ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کیمپوں میں 25 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، دور دراز علاقوں میں بسنے والے متاثرین کے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کیلیے موبائل ٹیمں بھی بنائی گئی ہیں۔ بنوں کوہاٹ روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس میں راشن پوائنٹ قائم ہے جہاں آئی ڈی پیز لمبی لمبی قطاروں میں راشن حاصل کر رہے ہیں۔