بنوں (جیوڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری دہشت گردوں کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے بندوق کے زور پر ملک کو یرغمال بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
بنوں میں بکاخیل کیمپ میں شمالی وزیرستان کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یہ عید ہم سب کے لیے بڑا امتحان لے کرآئی ہے ہماری عید نقل مکانی کرنے والوں کے نام ہے، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے متاثرین نے بہت بڑی قربانی دی ہے اور متاثرین قربانیاں ضایع نہیں ہوں گی اور جب تک متاثرین واپس گھروں اپنے کو نہیں چلے جاتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 1965 کی جنگ کچھ اور تھی اور آج کی جنگ کچھ اور ہے، دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کو بندوق کے زور پر یرغمال بنایا جارہا تھا جس کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو حاصل کرنے کے لئے بہت سی قربانیاں دی ہیں، آج کے پاکستان کو دیکھ کر شہدا کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی ہمیں اپنے آپ کو بدلنا ہوگا اور اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنا ہوگا، ہمارے سپوتوں کی قربانیاں ضایع نہیں ہوں گی افواج پاکستان کا مکا پڑے گا تودشمن نظرنہیں آئے گا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لوگوں نے متاثرین کے لئے کروڑوں روپے دیئے مگر اپنے نام کی تشہیر نہیں کی، پنجاب حکومت 40 ہزارگھرانوں کو 28 کروڑ روپے فراہم کرچکی ہے، 2 تین دنوں میں مزید 14 ہزار خاندانوں کو فی کس 7 ہزار روپے دیے جائیں گے جب کہ اگست میں مزید 35 کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں 2 ہزار گھر، اسپتال، یونیورسٹی اور دانش اسکول بھی بنانے کا وعدہ کیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرین میں عید کے تحائف بھی تقسیم کئے۔