میرانشاہ (جیوڈیسک) شمالی وزيرستان سے نقل مکانی کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے، تحصيل ميرانشاہ اور غلام خان کے مکین اپنے سامان کے ساتھ محفوظ مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ شمالی وزيرستان ميں 3 روز کیلئے کرفيو ميں نرمی نقل مکانی کا سلسلہ تيز ہو گيا، مير علی اور رزمک سے ايک لاکھ سے زائد افراد کو بنوں کے کيمپس ميں منتقل کر ديا گيا، رجسٹريشن کا عمل بھی جاری ہے۔
لوگوں کو نقل مکانی کیلئے سرکاری گاڑياں بھی فراہم کی جارہی ہيں، تاہم متاثرين کا مطالبہ ہے کہ نقل مکانی کیلئے صرف 3 دن کا وقت کم ہے، اس ميں توسيع کی جائے۔
کرفيو ميں دوسرے روز تحصيل غلام خان اور تحصيل ميران شاہ ميں نرمی کی گئی، جہاں سے متاثرين کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، تحصيل دتہ خيل اور تحصيل بويا سے لوگوں کو نکالنے کیلئے کرفيو ميں نرمی کل کی جائے گی۔