شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، 33 دہشتگرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

Helicopter Bombing

Helicopter Bombing

میرانشاہ (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں پیش قدمی کامیابی سے جاری ہے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اور نواحی علاقوں میں بمباری کے نتیجے میں 33 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ بمباری میں عسکریت پسندوں کے 9 ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کے روز پاک فضائیہ کی جانب سے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے قریب افغان سرحدی علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے علی الصبح دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 33 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

بمباری سے دہشتگردوں کے 9 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں دو ازبک دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 10 شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ انتہائی خطرناک علاقہ ہے جہاں پر اب پاک فوج نے پیش قدمی شروع کر دی ہے اور ان علاقوں میں پاک فوج کو مزاحمت کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ اُدھر باجوڑ ایجنسی کے علاقے چہارمنگ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 9 اہلکار زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ اکا خیل میں شدت پسندوں نے سرکاری پرائمری سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ سکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خیبر ایجنسی میں تباہ شدہ تعلیمی اداروں کی تعداد 86 ہو گئی ہے جبکہ فاٹا میں اب تک پانچ سو سے زائد سکول تباہ کر دئیے گئے ہیں۔