شمال مشرقی نائجیریا میں خود کش دھماکا، 13 افراد ہلاک

Blast

Blast

کانو (جیوڈیسک) شمال مشرقی نائجیریا کی ایک مصروف موبائل مارکیٹ میں کیے گئے خودکش بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 65 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکا ریاست بوچی کے علاقے ازارے میں اس وقت ہوا جب ایک خاتون خودکش بمبار نے مصروف موبائل فون مارکیٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ریاست بوچی میں پولیس کے ترجمان ہرونا محمد نے ایک بیان میں بتایا کہ اب تک 13 افراد کی موت کی تصدیق ہو سکی ہے جبکہ 65 زخمیوں کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ ابھی تک کسی نے بھی ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

لیکن عام طور پر اس طرح کے حملے افریقہ کے شدت پسند گروپ بوکو حرام کرتا ہے جو ایک عرصے سے حکومت مخالف شدت پسندی میں ملوث ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق خودکش بمبار شام پانچ بجکر 50 منٹ کے قریب دو ساتھیوں کے ساتھ مارکیٹ میں داخل ہوا جن میں ایک شخص کو دھماکے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے مار دیا۔

ایک عینی شاہد الیو حبیب نے اے ایف پی کو بتایا کہ دو لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے پیچھا کر کے انہیں پکڑ لیا، ان میں سے ایک کو لوگوں نے تشدد کر کے ہلاک کردیا جبکہ دوسرا پولیس کی حراست میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھمکے کے بعد آٹھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک اور عینی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے بعد متعدد دکانوں میں آگ لگ گئی۔