اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور مزید سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی ایک ڈگری جبکہ کالام اور قلت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے بعد موسم سرد ہے ۔جس سے موسم میں خنکی آگئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں بٹ خیلہ،لوئر دیر، وادی سوات سمیت مالا کنڈ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ ادھر چمن، زیارت، پشین ، خانوزئی ، کان مہترزئی سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خشک سردی کازور بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی،حیدرآباد اور میرپورخاص میں بارش اورمکران، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے اور مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرہلکی بارش کی توقع ہے۔