اوسلو (جیوڈیسک) ناروے کپ میں پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کو کوارٹر فائنل میں لائن کلب نے 4-0 سے شکست دیدی، گرین شرٹس اسکواڈ نے لیگ مقابلوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے اس مرحلے میں جگہ بنائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں جاری ناروے کپ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے لیگ رائونڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، گرین شرٹس اسکواڈ نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ نارویجن سینیس فٹبال کلب کے خلاف تیسرامقابلہ ایک، ایک گول سے برابری پر ختم ہوا، اس میچ میں بھی قومی ٹیم 1-0 سے جیت کی راہ پر گامزن تھی لیکن حریف ٹیم نے میچ ختم ہونے سے 10 سیکنڈ قبل گول کرکے میچ برابر کردیا۔
پاکستان کا واحد گول راہول نے اسکور کیا تھا۔ برابر کھیلنے کے باوجود قومی ٹیم نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی جہاں اس کا سامنا مضبوط لائن کلب کی ٹیم سے تھا جس نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستانی اسکواڈ کو 4-0 سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
یادرہے کہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں دنیا کا سب سے بڑا یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ ناروے کپ کا انعقاد ہورہا ہے۔ یوتھ ٹورنامنٹ ہر سال اگست کے پہلے ہفتے منعقد ہوتا ہے اور اس میں 10 سے 19 برس کی عمر کے نوجوان حصہ لیتے ہیں۔ 2014 میں منعقد ہونے والے اس فٹبال میلے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بار اسٹریٹ چلڈرن کی ٹیم کی شکل میں پاکستان کی بھی نمائندگی ہورہی ہے۔
گرین شرٹس اسکواڈ نے برازیل میںاسٹریٹ چائلڈ فٹبال ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا تھا، ایونٹ میں پاکستان نے ابتدائی میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت کو 11-0 سے ہرایا جبکہ برانز میڈل میچ میں اس نے امریکہ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی، وطن واپسی پر قومی ہیروز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس دوران جہاں حکومت اور نجی اداروں نے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازہ وہیں قومی ٹیم کو مختلف ملکوں کی جانب سے دوروں کی دعوت بھی ملی، ناروے میں جاری یوتھ ٹورنامنٹ بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔