خانیوال (جیوڈیسک) گزشتہ روز پولیس ملازمت سے استعفیٰ دے کر پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کرنے والا پولیس افسر جاوید نوسر باز اور فراڈیا نکلا۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کسی یاسر جاوید نامی افسر کو جانتے ہیں اور نہ ہی اس نام کے کسی افسر کو ترقی دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یاسر جاوید نے جو اپنا پیٹی نمبر 861 لکھا ہوا ہے وہ بھی جعلی ہے۔
یاسر جاوید کے چچا اکرم بھٹی کا کہنا ہے کہ اس کا بھتیجا فراڈیا اور نوسز باز ہے اور اس کا تعلق فیصل آباد سے نہیں بلکہ خانیوال کے علاقے شام کوٹ ہے، اس کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ دوسری جانب اہل محلہ کا کہنا ہے کہ یاسر جاوید کبھی پولیس میں شامل ہی نہیں رہا، وہ جعلی پولیس وردی پہن کر ناکے لگا کر شہریوں کو لوٹتا تھا اس کے علاوہ وہ کلاشنکوف چوری کے الزام میں ایک سال قید کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ یاسر جاوید نے 12 شادیاں بھی کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یاسر جاوید نامی شخص نے خود کو فیصل آباد پولیس میں اے ایس آئی ظاہر کیا اور تحریک انصاف کے دھرنے میں جا کر اعلان کیا کہ وہ اپنی پولیس کی ملازمت سے استعفیٰ دیتا ہے جس پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسے کاندھوں پر اٹھایا اور وزیراعظم نواز شریف اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔