نوشکی ڈرون حملہ؛ جے یو آئی (ف) کا امریکی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

Fazalurrehman

Fazalurrehman

لاہور (جیوڈیسک) جے یوآئی (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نوشکی ڈرون حملے کو پاکستان کی سالمیت پرحملہ قرار دیتے ہوئے امریکی سفیر کو فوراً ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہ زیر صدارت پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمان اور حافظ حسین احمد سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں مجلس عاملہ نے نوشکی ڈرون حملے کو پاکستان کی سالمیت پرحملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو فوراً ملک بدر کیا جائے جب کہ امریکی جارحیت کے خلاف بھی بھرپور آواز اٹھائی جائے۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کی سرعام خلاف ورزی کے باوجود سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور دنیا میں بارڈرکی خلاف ورزی نہ کرنے کی باتیں کرنے والے آج خود بین الاقوامی اصولوں کے پرخچے اڑا رہے ہیں جب کہ افغانستان میں امن کےلیے محض ظاہری بیان بازی کی جارہی ہے لیکن حقیقت میں امن کوششوں کونقصان پہنچانے کےلیے منفی کردارادا کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این جی اوز ملک میں ایک خاص مشن کے طور پر کام کررہی ہیں جن پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔