القرضاوی نے عراقی عسکریت پسندوں کی خلافت کو مسترد کردیا

Iraq

Iraq

بغداد(جیوڈیسک) قطر میں مقیم مصری عالم دین یوسف القرضاوی نے عراق میں عسکریت پسندوں کی جانب سے خلافت کے قیام کے اعلان کو اسلامی شریعت کے خلاف قرار دیا ہے۔

مصر کی اخوان المسلمون کے روحانی پیشوا مانے جانے والے یوسف القرضاوی کا کہنا ہے کہ عراق میں اعلان کی جانے والی خلافت اسلامی اصولوں کے منافی ہے، اس اعلان سے عراق اور شام کے عوام کے لیے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

القرضاوی کے مطابق خلیفہ قرار دیئے جانے والے البغدادی اپنے سخت موقف اور انتہا پسندی کی وجہ سے خلیفہ کے لیے مقرر کردہ شرائط پر پورا نہیں اترتے، خلیفہ کسی ایک گروہ کے لیے نہیں ہوتا بلکہ اس پر پوری مسلم امت کا اتفاق ہونا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ عراق کے شاملی علاقوں پر قبضے کے بعد اسلامی ریاست اور عسکریت پسندوں نے خلافت کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب ایران کا ایک فوجی پائلٹ عراق میں عسکریت پسندوں کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے یہ نہیں بتایا کہ پائلٹ زمینی جنگ میں ہلاک ہوا یا اس دوران پرواز نشانہ بنایا گیا تھا۔

کرنل شجاعت المدری مورجنی کو عسکریت پسندوں نے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع شہر سمارا میں ہلاک کیا۔ شجاعت المدری کی آخری رسومات شمالی ایران کے شہر فارس میں ادا کی گئیں، رپورٹس میں اس بات کا بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ کرنل شجاعت المدری مورجنی ایران کی پاسداران انقلاب کے رکن تھے۔

علاوہ ازیں عراق میں عسکریت پسندوں کے قبضے میں جانے والے شہر تکریت سے 46نرسیں بازیابی کے بعد ہندوستان پہنچ گئیں۔ شمالی کیرالہ کے شہر کوچی کے ائر پورٹ پر نرسوں کے اہلخانہ نے ان کا پر جوش انداز میں استقبال کیا۔ نرسوں نے ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں نے ہمیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ان نرسوں کی رہائی کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات جاری نہیں کیں، قبل ازیں ایک چارٹر طیارے کے ذریعے عسکریت پسندوں کی قید سے رہا ہونے والی 46 نرسوں کو تکریت سے کردوں کے زیر اثر شہر اربیل لے جایا گیا تھا۔