اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے کہ دو نومبر کو کرپٹ الیون سے میچ ہو گا ، پاناما کا احتساب چاہتے ہیں لیکن یہ بھی چاہتے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل نہ ہو۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اسلام آباد بار کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیس سال سے جدوجہد کررہے ہیں ، کیا اب بھی لڑائی نہ کریں ، پاناما کی تحقیقات ہونی چاہیے یہی مطالبہ ہے۔
عمران خان نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈبل شاہ قرار دے دیا ۔ عمران خان نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف دو نومبر کے دھرنے کے لیے ہر پاکستانی گھر سے نکلے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بار سے خطاب کے خلاف اسلام آباد بار کونسل میں درخواست دائر کی گئی ، ملک وسیم سجاد ظفر ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی جماعت نے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ، بار کو سیاسی طور پر استعمال کرنا ایسوسی ایشن اور بار کونسل کے قوانین کے خلاف ہے، بار کے عہدیداران مینڈیٹ کا احترام کریں ، بارعہدیداران سیاسی جماعت کے آلہ کار کا فورم استعمال نہ کریں ۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ بار ممبرز کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے،عمران خان کی آمد سے لڑائی جھگڑے اور فسار کا اندیشہ ہے۔