تیس نومبر کو غیر قانونی کام ہوا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

وزیر آباد (جیوڈیسک) حمزہ شہباز شریف نے وزیر آباد کے قریب دریائے چناب سے ملحقہ دیہات کے سیلاب متاثرین میں لائیو سٹاک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کا لاشیں گرانے کا منصوبہ تھا، ان کے سارے پلان فیل ہوگئے ہیں۔

اب ان کے دھرنوں کا یہ حال ہے کہ وہ دوربین سے بھی نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ اپنی صوبائی قیادت کی شکلیں بھول گئے ہیں۔ پی ٹی آئی والوں کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخوا کی عوام سے کئے جانے والے وعدوں کو پورا کریں۔

خیبرپختونخوا کی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور ان کے وزیراعلیٰ اسلام آباد میں بھنگڑے ڈال رہے ہیں۔ جب لوگ سیلاب میں بہہ رہے تھے یہ تب بھی کنٹینر پر بھنگڑے ڈالتے نظر آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انتخابات میں وعدہ کیا تھا کہ وہ طالبات کے سکولوں کی تعداد دوگنا کر دیں گے لیکن ڈیڑھ سال میں خیبرپختونخوا میں طالبات کا صرف ایک سکول بنایا گیا ہے۔ خیبرپختوانخوا نے تعلیم کیلئے مختص بجٹ کا صرف 20 فیصد جبکہ پنجاب نے 80 فیصد خرچ کیا گیا۔

جو لوگ چالیس چالیس گاڑیوں کے قافلے میں پھرتے ہیں اور جیٹ طیارے میں سفر کرتے ہیں وہ کون سا نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان جب کنٹینر پر کھڑے ہوکر لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں تو اپنے دائیں طرف بھی دیکھ لیا کریں جہاں وہی جہانگیر ترین کھڑے ہوتے ہیں جنہوں نے مشرف دور میں 24 کروڑ کا قرضہ معاف کروایا تھا۔