نوشہرہ (جیوڈیسک) نوشہرہ میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر ضمنی انتخابات کے لئے میدان سج گیا، 6 امیدوار مقابلہ کریں گے۔ این اے 5 نوشہرہ ون کی نشست وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خالی کی تھی جس پر تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعلی کے داماد اور بھتیجے عمران خٹک امیدوار ہیں۔
ان کے مدمقابل عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے گیارہ مئی کو رنر اپ رہنے والے دائود خٹک ہیں۔ نوشہرہ کے عوام نئے نمائندوں سے اپنے مسائل کے حل کیلئے پرامید ہیں۔ نوشہرہ کے اس اہم حلقے میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 20 ہزار 275 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ گیارہ مئی کے انتخابات میں وزیر اعلی پرویز خٹک نے 69 ہزار 873 ووٹ لے کر یہ نشست جیتی تھی۔
جبکہ ان کے حریف دائود خٹک 21 ہزار 185 ووٹ حاصل کر سکے تھے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس حلقے سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلی یہاں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔ نوشہرہ کے اس اہم حلقے سے مجموعی طور پر چھ امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہی ہو گا۔