نوشہرہ (جیوڈیسک) دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہو گئی، نوشہرہ کے متعدد دیہات زیرآب آگئے۔ سیلابی پانی پشاور کے نواحی علاقوں اورموٹر وے کے قریب زرعی اراضی میں بھی داخل ہو گیا جس کے بعد لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ فلڈ سیل پشاور کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اورپانی کا بہا ایک لاکھ 56 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سیلابی ریلہ نوشہرہ کے دیہات شیخ آباد، حسن خیل، مثل روڈ، محلہ شاہ حسینی، شہید آباد، شالہ خیل اور خیشگی میں داخل ہو گیا ہے۔
سینکڑوں گھراور ہزاروں ایکڑ اراضی زیرآب آگئے ہیں۔ لوگوں نے گھروں کو تالے لگا کر کشتیوں اورگدھا گاڑیوں کے ذریعے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ لوگوں کی اس بے سروسامانی کی حالت میں نقل مکانی کے دوان ضلعی انتظامیہ کے اہلکار کہیں بھی نظر نہیں آرہے۔
ایک طرف گھر ڈوبنے کا غم تو دوسری جانب دربدر کی ٹھوکریں، متاثرین کو سمجھ نہیں آرہی کہ رابطہ کریں بھی تو کس سے۔ پشاور میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں، دریائے کابل کا پانی نواحی علاقے جالابیلا، جوگنی، بڈھنی اورداودزئی کے علاقوں ستم ڈھارہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ان علاقوں کو حساس قراردے دیا ہے اور متاثرین کی رہائش کیلئے سکول خالی کر دیئے گئے ہیں۔ موٹروے کے قریب بھی زرعی اراضی زیرآب آگئی ہے۔