اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے ملک میں لوٹ مار ہو رہی ہے، تھوڑے سے لوگ مل کر کرپشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا نظریہ کرپشن ہے جس پر سب اکٹھے ہیں، این آر او کی کوشش کی گئی تو قوم کو سڑکوں پر لے آؤں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بنی گالا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا دبئی میں 2 ٹاورز کیلئے رقم کہاں سے آئی؟، اسحاق ڈار دبئی میں نوازشریف کے فرنٹ مین ہیں، کرپشن کرنے کیلئے پورا مافیا بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار کا کونسا بزنس تھا کہ اربوں کی جائیداد اور دبئی میں 52 ویلاز آگئے، 1981 سے 2002 تک اسحاق ڈار نے انکم ٹیکس جمع نہیں کرایا۔ ان کا کہنا تھا اسحاق ڈار نے ٹیکس چوری کے لیے ایک چیریٹی بنائی، بیٹوں کے دبئی میں 10، 10 ارب مالیت کے 2 ٹاورز ہیں، شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے اپنا جہاز دیا جبکہ دبئی میں اسحاق ڈار کی 11 کمپنیاں ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا سعودی عرب میں حسین شریف، لندن میں حسن شریف فرنٹ مین ہیں، امریکا میں سعید شیخ اور قطر میں سیف الرحمان فرنٹ مین ہیں، قوم کا پیسہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر ملک سے باہر بھیجا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا نواز شریف کی تحریک کا انتظار کر رہا تھا لیکن دونوں بھائی تحریک چلانے سعودی عرب چلے گئے، چینی کمپنی سے جو فراڈ بے نقاب ہوا اس پر نیب نے ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔ انہوں نے کہا حدیبیہ پیپر ملز میں نئے ثبوت سامنے آگئے ہیں، خواجہ آصف کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں، وہ بھی بچ نہیں سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا طاقتور لوگوں کے خلاف ایکشن لیا جائے یا پھر توہین عدالت کا قانون ختم کر دیا جائے، الیکشن کمیشن نے توہین عدالت پر میرے وارنٹ جاری کیے لیکن سپریم کورٹ کی روز توہین عدالت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاسی نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے، سانحہ پر سب کو طاہر القادری کا ساتھ دینا چاہیے۔