این ایس جی کا اہم ترین اجلاس کل ہوگا، بھارتی سیکرٹری خارجہ سیؤل پہنچ گئے

Jaishankar

Jaishankar

سیؤل (جیوڈیسک) نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت سے متعلق پاکستان اور بھارت کی درخواستوں پر کل فیصلہ ہوگا جب کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سیؤل روانہ ہوگئے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں نیوکلیر سپلائرز گروپ کے 48 ممالک کا اجلاس پیر کے روز سے جاری ہے جب کہ کل ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان اور بھارت کی گروپ میں شمولیت سے متعلق درخواستوں پر غور ہوگا۔

این ایس جی گروپ کے اہم ترین ملک چین نے نکتہ اٹھایا ہے کہ قوانین کے مطابق جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کو گروپ میں شامل نہیں کیا جاسکتا اس لئے اگر بھارت کو گروپ میں شامل کرنے کے لئے چھوٹ دی گئی تو پاکستان بھی اس کا مضبوط امیدوار ہے جب کہ ترکی، جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی بھارت کی شمولیت کے مخالف ہیں۔

دوسری جانب بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر این ایس جی میں شامل رکن ممالک کی حمایت کے حصول کے لئے سیؤل روانہ ہو گئے جہاں وہ رکن ممالک کو بھارت کی حمایت کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ این ایس جی کے اہم ترین اجلاس سے قبل جے شنکر رکن ممالک کو بھارت کے موقف سے آگاہ کریں گے جب کہ بھارت نے موقف اختیار کیا ہے کہ فرانس کو این ایس جی کے قوانین سے استثنیٰ دے کر گروپ میں شامل کیا گیا اس لئے بھارت کے لئے بھی درمیانی راستہ نکالا جائے۔