این ٹی ڈی سی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کےاعلان کے باوجود بجلی کی بندش جاری

Load Shedding

Load Shedding

کراچی (جیوڈیسک) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی نے ملک میں موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر لوڈشیڈنگ عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاہم اس کے باوجود ملک بھر میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کا سلسلہ جا ری ہے۔ این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب اور رسد 11 ہزار میگا واٹ ہےاس طرح بجلی کی رسد اور طلب برابر ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کو عارضی طور پر ختم کر دیا گیا ہے تاہم طلب اور رسد کے فرق کو دیکھتے ہوئے جلد ہی لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کئی کئی گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔ وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لئے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ سندھ اور خیبر پختونخوا میں 12 سے 14 گھنٹے جب کہ بلوچستان میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول ہے۔