پنجاب: سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ نواز شریف نہیں پاک فوج نے کیا تھا۔ پاکستان کے ایٹم بم کے حقیقی معمار ذوالفقار علی بھٹو اور غلام اسحاق خان ہیں۔ پنجاب پولیس مسلم لیگ ن کا عسکری ونگ بن چکی ہے۔ تھانہ کلچر تبدیل کرنے کے حکومتی دعوے بے معنی ہیں۔کالی وردی کا کالے کوٹ سے تصادم شرمناک ہے۔وکلاء کے قاتل شہزاد وڑائچ کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔پنجاب پولیس کو گلو بٹوں سے پاک کیا جائے۔
پنجاب پولیس کو گلو بٹوں سے پاک نہ کیا گیا تو سانحہ ڈسکہ جیسے واقعات ہوتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خاندانی اور موروثی سیاست پر جمہوریت کا لیبل لگا دیا گیا ہے۔پوری قوم چند خاندانوں کی قیدی ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں جینا مشکل اور مرنا آسان ہو گیا ہے۔
پنجاب پولیس ظلم کی علامت بن چکی ہے۔ حکومت پنجاب نے تمام غنڈے اور بدمعاش پنجاب پولیس میں بھرتی کر لئے ہیں۔قوم حکمرانوں سے سانحہ ڈسکہ کے مقتولین کے خون کا حساب مانگتی ہے۔ وکلاء کا احتجاج ملکی سیاست میں بڑی تبدیلیاں لائے گا۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔