پیانگ یانگ (جیوڈیسک) کم جونگ اُن کے مطابق وہ نہیں چاہتے کہ اُن کے بچے جوہری ہتھیاروں کا بوجھ برداشت کریں۔ یہ بات انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے گزشتہ برس ہونے والی ایک ملاقات میں کہی تھی۔
ایک رپورٹ میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک سابق اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے جوہری ہتھیاروں کا بوجھ اٹھائیں۔
روئٹرز نے اس بات کو افشا کرنے والے کا نام اینڈریو کِم بتایا ہے جو امریکی خفیہ ادارے کا ایک سابق اہلکار بھی ہیں۔ روئٹرز کے مطابق اینڈریو کم نامی یہ سابق امریکی اہلکار واشنگٹن اور پیونگ یونگ حکومتوں کے درمیان شروع ہونے والی اعلیٰ سطحی سفارت کاری میں شریک رہ چکے ہیں۔
اینڈریو کم کے مطابق شمالی کوریائی لیڈر نے یہ کلمات اپنے ملکی دارالحکومت پیونگ یونگ میں گزشتہ برس اپریل میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہے تھے۔ سابق اہلکار نے واضح کیا کہ جب شمالی کوریائی لیڈر سے پوچھا گیا کہ وہ حقیقت میں جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہوں نے جواباً کہا، ’’میں ایک باپ اور شوہر ہوں۔ میرے بچے ہیں۔‘‘ کم جونگ اُن نے گفتگو کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اُن کے بچے ساری زندگی جوہری ہتھیاروں کا بوجھ اٹھائے پھریں۔
اینڈریو کم نے یہ تفصیلات معتبر امریکی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایشیا پیسیفک ریسرچ سینٹر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کہے۔ اینڈریو کِم تواتر کے ساتھ یونیورسٹی کے اس مرکز میں منعقدہ تقاریب میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ جزوقتی اسکالر بھی ہیں۔
سنگا پور میں کم جونگ ان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ امن کے حصول کی مشترکہ کوششوں میں شامل ہونے کا اظہار بھی کیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ سنگا پور میں ٹرمپ اور اُن کی ملاقات کے بعد امن کے حصول کی جانب بہت کم پیش رفت دیکھی گئی اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا خواب ابھی تک خواب ہی ہے۔
اب ہنوئی میں ستائیس اور اٹھائیس فروری کو امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان ایک اور سمٹ ہونے والی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سمٹ امن کے حصول کی کاوشوں میں بھرپور کردا کرنے کی حامل ہو گی۔
امریکی خفیہ ادارے سے ریٹائرمنٹ سے قبل اینڈریو کم نے امریکی خفیہ ایجنسی میں اپریل سن 2017 میں کوریا مشن سینٹر کو تشکیل دیا تھا۔ موجودہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو، اُس وقت سی آئی اے کے سربراہ تھے اور انہوں نے بھی اس خصوصی مشن سینٹر کا دورہ کیا تھا۔