واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے دونوں سیاسی جماعتوں کے اعلیٰ قانون سازوں پر مشتمل ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور نے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے تعاون، اس کی تعلیمی اصلاحات کے لیے کوششیں اور اسے دی جانے والی امریکی امداد کا جائزہ لینے کے لیے سماعت کی۔
کمیٹی کے چیئرمین ریپبلکن ایڈ روئس کا کہنا تھا کہ پاکستان سب سے زیادہ جوہری ہتھیار رکھنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے کی ڈگر پر ہے اور اس کے چھوٹے جوہری ہتھیار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل زیادہ تشویش کے باعث ہیں۔
افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے سماعت میں اوباما انتظامیہ کا نقطہ نظر پیش کرتے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اس کے جوہری ہتھیاروں اور دیگر سلامتی کے معاملات پر کھل کے بات چیت کرتا رہا ہے اور ان کے بقول اوباما انتظامیہ پاکستان کے ساتھ ایسا جوہری معاہدہ کرنے پر بات چیت نہیں کر رہا جیسا کہ اس کا بھارت کے ساتھ ہے۔