نالہ ڈیک میں طغیانی، پانی لاہور کے مضافاتی علاقوں میں بھی داخل

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) شدید بارشوں کے باعث نالہ ڈیک میں طغیانی سے کئی دیہات میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ اس نالے کا پانی اب لاہور کے مضافاتی علاقوں میں بھی پہنچ گیا۔ جہاں ہزاروں لوگ حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث نالہ ڈیک میں طغیانی آ گئی۔

اس کا پانی سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں تباہی مچانے کے بعد لاہور کے مضافاتی علاقوں میں بھی داخل ہو گیا۔ نالہ ڈیک کا سیلابی ریلا مختلف نہروں اور نالوں سے ہوتا ہوا راجہ کالونی اور پٹھان کالونی میں پہنچا۔ گلیوں میں چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہونے سے شہری گھروں کی چھتوں پر محصور ہو کر رہ گئے۔

بعض لوگ اپنا بچا کچھا سامان لے کر محفوظ مقام پر منتقل ہو رہے ہیں۔ گھروں میں محصور شہریوں کو شکوہ ہے کہ دو روز گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی امداد ان تک نہیں پہنچی۔

متاثرہ علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے مختلف امراض پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ان علاقوں کے مکین اپنی مددآپ کے تحت نکل مکانی کررہے ہیں حکومتی امداد تو دور کی بات علاقہ مکینوں کو کہنا ہے کے عوامی نمائندے ہی انکی مشکلات میں اضافہ کرہے ہیں۔