احمد آباد (جیوڈیسک) نالہ ڈیک میں شدید طغیانی کے باعث قلعہ احمد آباد سے ملحقہ 15دیہات زیرآب آگئے، پسرورنارووال سڑک اورریلوے ٹریک پانی میں ڈوب گئے جبکہ نالہ ڈیک میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شدید بارشوں اور پہاڑی ندی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث ضلع نارووال کے نالہ ڈیک میں بھی شدید طغیانی آگئی۔
قلعہ احمد آباد سے ملحقہ 15دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ زیر آب آنے والے دیہاتوں میں لالہ، جبوکے، گل کلاں، گجر والی، نارنگ والی، ڈھولن اور دیگر شامل ہیں۔ پسرورسے نارووال جانے والی سڑک پانی میں ڈوب گئی جس کے بعد ٹریفک معطل ہوگیا جبکہ سیلابی ریلے سے ریلوے ٹریک متاثرہونے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ سیلاب سے دھان، مکئی اور چنے سمیت کئی ایکڑ پر کاشت فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکومت اور انتظامیہ کا کوئی اہلکار متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں اور نقل مکانی میں مصروف ہیں۔