لاہور (جیوڈیسک) نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے الحمراہال میں تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر تھے جبکہ خواجہ سلمان رفیق ، ڈی جی نرسنگ کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں کی ہیڈز اور سٹاف نرسز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سٹاف نرسز نے محکمہ صحت کی بیوروکریسی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کوبے اختیار کرنے کا شکوہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ بھرتیوں سے لے کر ٹرانسفر تک کے معاملات میں ڈی جی نرسنگ آفس غیر فعال ہے، پنجاب نرسنگ ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری توصیف خانم نے سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا کہ سٹاف نرسز کو ٹرانسفر اور دیگر دفتری معاملات کے حوالے سے درپیش مشکلات کوختم کیا جائے جس پر سیکرٹری صحت نے دو ماہ میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کو با اختیار کرنے کا وعدہ کیا۔
دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز نرسوں کا عالمی دن منایا گیا۔ نرسوں کی تنظیموں کی رہنماؤں توصیف خانم، رضیہ ستار، روزینہ منظور، شہناز اختر، توقیر زہرہ اور دیگر نے گفتگو میں مطالبات کو دہرایا۔انہوں نے کہا کہ نرسیں کم تنخواہ و سہولتوں کے باوجود پیشہ ورانہ امور انجام دینے پر مجبور ہیں، نرسوں کیلئے بھی ہاؤسنگ کالونی کا اعلان کیا جائے، سروس سٹر کچر آج تک نہیں بن سکا۔ ہائی رسک ڈیوٹی اور نائٹ الاؤنس دیا جائے۔ دریں اثناخواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بجٹ میں گریڈ 17 میں نرسوں کی مزید 15 سو اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔