کراچی (اسٹاف رپورٹر) نصرت اسلام پاکستان سندھ کے صدر اور دربار عالیہ موہڑہ شریف مری کے خلیفہ صابر زمان نے کہا ہے کہ حضور اکرم ۖ کا میلاد منانا اہل ایمان کا فرض ہے آقا ۖ کی آمد سے دنیا میں چھائے ہوئے جہالت کے اندھیرے چھٹے اور چہار سو نور کی کرنیں پھیلیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظیریہ مسجد رشید آباد میں جشن عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محفل سے حاجی عبدالرحمن ،نعیم گل ،عبدالجبار،علی حسن ،احمد نواز ایڈوکیٹ ،حامد ہارونی ،محمد ادریس ،عبدالرزاق سنگی ،محمد اشرف اور محمد شریف نے بھی خطاب کیا صابر زمان نے محفل سے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نصرت اسلام پاکستان حضور ۖ کے دین کے فروغ اور سنت نبوی ۖ پر مشتمل معاشرے کے قیام کی جد وجہد میں مصروف عمل ہے۔
انشا اللہ سچے عاشق رسول ۖ کی جد وجہد رنگ لائیگا اور ملک میں سنت نبوی ۖ کا معاشرہ قائم ہوگا محفل سے خطاب میں دیگر مقررین نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی تعلیمات تا قیامت انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں سیرت نبی ۖپر عمل پیرا ہوکر فلاح کا راستہ پایا جا سکتا ہے۔
مقررین نے کہاکہ آپ ۖ نے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلائی اگر مسلمان غلام ہے تو صرف اللہ اور اسکے رسولۖ کا ہے ربیع الاول کے با برکت مہینے میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت پر احسان عظیم فرمایا اور رحمت العالمین کو سب جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا آج مسلمان جس تنزلی کا شکار ہیں اس کی بڑی وجہ ہے کہ ہم نبی کریم ۖ کی تعلیمات سے ہٹ گئے ہیں مقررین نے کہاکہ اسلام تلوار سے نہیں محبت و اخلاق سے پھیلا اسلام سلامتی کا دین ہے اسلام روداری تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے۔