نیلہ پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پرساس، دیور اور دیورانی کے خلاف ایک ماہ کی دلہن کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا

چکوال : نیلہ پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پرساس ،دیور اور دیورانی کے خلاف ایک ماہ کی دلہن کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی بھی مکمل ہوگئی۔ مقتولہ میمونہ کنول کو آٹھ جون کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اور اسے اتفاقیہ قرار دے کر دفن کر دیا گیا تھا۔

مگر بعد ازاں مقتولہ کے والد جلیل الرحمن نے واقعہ کو قتل ظاہر کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کو دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے درخواست دی تھی جس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔جبکہ دوسری طرف ایڈیشنل سیشن جج نے مقتولہ کے والد کی پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے میمونہ کنول کی ساس بلقیس بی بی، دیور مبشر اور دیورانی رخسانہ کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ302 کے تحت مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔