گذشتہ روز میں لسبیلہ پل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے دو عہدیدار نوید اعوان اور محمد سرفراز سمیت محافظ مختار کی نماز جنازہ لسبیلہ چوک پرادا کردی گئی، نمازجنازہ میں بشیر جان سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر رہنما عوام اور مقتولین کے عزیزو اقارب نے شرکت کی۔
اس موقع پر علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے علاقے میں کشیدگی پائی جاتی تھی اور دکانیں اور کاروبار بھی بند تھا نماز جنازہ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی کارکنان کی ہلاکت کے ذمہ دار موجودہ حکومت کو سمجھتے ہیں۔
موجودہ حکومت کے حلف اٹھائے تین دن نہیں گزرے کہ ہمیں تین لاشوں کا تحفہ ملا ہے نگراں دورحکومت میں بھی ہمارے انتالیس کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ورنہ ہم احتجاج کا جمہوری حق رکھتے ہیں۔