تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ عمران خان قومی سلامتی سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس کے دو ماہ تک منتظر رہے، حکومت کی اپنی ہی تیاری نہیں تھی، عمران خان پر الزمات بلا جواز ہیں۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پر پالیسی طے کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس ملتوی ہونیکی ذمہ دار حکومت ہے۔
کانفرنس کے لئے حکومت نے کوئی تیاری ہی نہیں کی تھی، کانفرنس کے التوا کا ذمہ دار عمران خان کو ٹہرا نا بلاجواز ہے ، شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان نے کانفرنس کے انتظار میں دو ماہ اپنے علاج کو موخر کیا، لیکن اب ان کی حالت انہیں علاج میں مزید تاخیر کی اجازت نہیں دیتی ،کانفرنس میں عمران خان کی عدم شمولیت کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بیانات بد نیتی پر مبنی ہیں، انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت نے برطانیہ روانگی والی رات عمران خان سے رابطے کی کوشش کی تھی، شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے لئے عمران خان اپنے نمائندے نامزد کر چکے ہیں۔