ایم کیو ایم نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے چودھری نثار علی خان کی دعوت قبول کر لی، فاروق ستار کہتے ہیں دہشتگردی کیخلاف قومی پالیسی متحدہ کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ بارہ جولائی کو وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی۔
کانفرنس میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قومی پالیسی کی تشکیل چاہتی ہے۔
اس سے پہلے چودھری نثار علی خان نے سید منور حسن، فاروق ستار، چودھری شجاعت حسین، خورشید شاہ، سردار اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی کو ٹیلی فون کر کے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ کانفرنس میں ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔