لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کل اے پی سی میں پارٹی کی طرف سے چار نکات پیش کریں گے۔اس سے پہلے وہ وزیر اعظم، چیف آف آرمی سٹاف اور وزیر داخلہ سے مختصر ملاقات چاہتے ہیں۔ لاہور میں انصاف لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ملاقات میں بند دروازے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اپنے تحفظات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
جبکہ اے پی سی میں امریکہ کی جنگ سے نکلنے، طالبان سے مذاکرات کرنے، مفاہمتی پالیسی اپنانے اور مذاکرات نے کرنے والوں کے خلاف ملٹری آپریشن کے نکات پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں بڑے بڑے مگرمچھوں کا احتساب کریں گے اس کے بغیر کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ کنونشن سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، لیبر ونگ کے رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔