اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کر لی، سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے الیکشن بل 2017 کی منظوری کے دوران ارکان اسمبلی کے حلف نامہ میں کلیریکل غلطی ہوئی، حلف نامے میں رد وبدل پر سپیکر قومی اسمبلی نے کلیریکل غلطی کا اعتراف کر لیا۔
حرف بہ حرف پرانا حلف نامہ بحال کرنے کا فیصلہ بھی سنا دیا ۔ ارکان اسمبلی کے حلف نامے میں رد و بدل پر بحث چلی تو بات دور نکل گئی۔ معاملے کی سنگینی کا احساس ہونے پر سپیکر ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلا لیا ۔ اجلاس میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شریک ہوئے۔
دوران اجلاس پیپلز پارٹی کے نوید قمر کا موقف تھا کہ حکومت اپنی غلطی کو درست کرے ، تمام پارلیمانی رہنماؤں نے غلطی کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ۔ اجلاس کے بعد سپیکر ایاز صادق نے میڈیا کے سامنے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا جو بھی ٹیکنیکل یا کلیریکل غلطی ہوئی ہے اس کو ٹھیک کیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا حلف نامہ اصل شکل میں واپس لانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ وزیر قانون زاہد حامد نے کہا پرانے حلف نامے پر واپس جانے پر کوئی اعتراض نہیں ۔ پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے شق 203 کو بھی اصل حالت میں لانے پر زور دیا ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ حلف نامے کی تبدیلی کا معاملہ شق 203 کی نذر ہو جائے۔