اسلام آباد (جیوڈیسک) اوبامہ انتظامیہ نے جاتے جاتے ملک کے میزائل پروگرام سے وابستہ 7 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، ماہرین نے امریکی حکومت کے فیصلے کو سیاسی قرار دیا ہے۔
امریکی ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے نوٹیفکیشن کے مطابق جن 7 کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے وہ ملکی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے خلاف کام کر رہی تھیں۔
تاہم نوٹیفکیشن میں ایسی کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی جس سے معلوم ہو سکے کہ پابندی کن سرگرمیوں کی وجہ سے عائد کی گئی ہے۔
پابندی کی زد میں آنے والی کمپنیوں کے لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے پتے دیئے گئے ہیں۔
پاکستان نے ہمیشہ اپنے میزائل پروگرام میں کسی قسم کی بے قاعدگیوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بتائے بغیر پابندی عائد کر دینا اوباما انتظامیہ کا سیاسی فیصلہ ہے۔