واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے فرگوسن میں جاری کشیدہ صورتحال اور پولیس افسران پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ادھر اٹارنی جنرل نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کو بہیمانہ عمل قرار دیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنہوں نے گولیاں چلائیں وہ مجرم ہیں، انہیں گرفتار کیا جائے۔ اس طرح کی مجرمانہ کارروائیوں پر کوئی عذر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ امریکی صدر نے اسے ظالمانہ اور قابل اعتراض عمل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نسلی تعصب کے خلاف احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انہوں نے دونوں پولیس افسران کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ دو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ ایک بہیمانہ حملہ ہے جس سے پولیس میں اصلاحات کا عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
دونوں پولیس افسران فرگوسن کے پولیس چیف کے مستعفی ہونے کے بعد ہونے والے مظاہرے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔