اوباما کو ان کی والدہ کے پاکستان میں قیام کی تصاویر دی جائیں گی

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اورامریکی صدرکی ملاقات کے دوران اوباما کو ان کی والدہ کے پاکستان میں قیام کی یادگار تصاویر پیش کی جائیں گی۔

مسز این ڈنہم نے 80 کی دہائی میں ثقافتی پروگرام کے تحت پانچ سال گوجرانوالہ میں خدمات انجام دی تھیں۔ زرعی ترقیاتی بینک پاکستان نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 1987میں گوجرانوالہ ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا تھا۔ پانچ سالہ اس پروگرام کے لیے اے ڈی بی نے مسزاین ڈنہم کو بطور کنسلٹنٹ تعینات کیا تو وہ 1987 میں پہلی مرتبہ پاکستان آئیں۔

اس دوران ان کا مستقل قیام تو لاہور میں رہا لیکن وہ اپنی ملازمت کے سلسلے میں ہر روز گوجرانوالہ جاتی تھیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا سے قبل پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے مسز این ڈنہم کے گوجرانوالہ میں قیام کے بارے میں ایک مکمل رپورٹ تیار کی تھی جس میں مسز این ڈنہم کی کچھ یادگار تصاویر بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدرکی والدہ مسز این ڈنہم کی یہ یاد گار تصاویر وزیراعظم نواز شریف باراک اوباما سے ہونے والی ملاقات میں بطور تحفہ انھیں پیش کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق مسز این ڈنہم کو پاکستانی ثقافت سے محبت تھی ۔ وہ اپنے یہاں قیام کے دوران مستقل طور پر شلوار قمیض پہنتی اور سر پر دوپٹہ بھی اوڑھتی تھیں۔

انہیں پاکستانی کھانے بھی پسند تھے اور وہ اکثر فرمائش کر کے مکئی کی روٹی اور ساگ بنوایا کرتی تھیں۔ مسز این ڈنہم کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ 1992 میں پاکستان سے واپسی کے تین سال بعد کینسران کی موت کا سبب بن گیا۔