ماسکو (جیوڈیسک) وائٹ ہاوس کے مطابق صدر اوباما نے اپنے روسی ہم منصب پوٹن کو ٹیلی فون کرکے ان پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرائن میں قیامِ امن کی کوششوں کی حمایت کریں۔
اوباما نے روسی صدر سے کہا کہ انہیں شمالی یوکرائن میں سرگرم علیحدگی پسندوں کو ہتھیاروں اور دیگر سامان کی فراہمی روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں کیوں کہ اس کے نتیجے میں یوکرائن مزید عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا پہلے ہی دھمکی دے چکا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن میں علیحدگی پسندوں کی مبینہ مدد بند نہ کی تو اس کے معاشی اداروں اور دفاعی صنعت پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے سے متعلق امریکی حکام کی اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت بھی جاری ہے۔ پیر کو جاری کیے جانے والے اپنے ایک مشترکہ بیان میں یورپی یونین کے 28 ملکوں کے وزرائے خارجہ نے روسی صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائن کی سرحد پر موجود روسی فوجی دستوں کو فوراً واپس بلائیں۔