واشنگٹن (جیوڈیسک) سروے کے نتائج کے مطابق 33 فی صد رائے دہندگان نے صدر اوباما کو فہرست میں سب سے نیچے رکھا جب کہ 28 فی صد نے ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین صدر قرار دیا۔
امریکا میں ہونے والے ایک نئے سروے میں امریکیوں کے خیال میں صدر براک اوباما دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے اب تک صدر رہنے والی شخصیات میں سب سے بدتر ہیں۔
نتائج کے مطابق 33 فی صد رائے دہندگان نے صدر اوباما کو فہرست میں سب سے نیچے رکھا جب کہ 28 فی صد نے ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین صدر قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ 1980 کی دہائی میں دو مرتبہ صدربننے والے رونالڈ ریگن 35 فی صد افراد کے نزدیک دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے اب تک امریکا کے بہترین صدر رہے ہیں۔ 18 فی صد افراد نے بل کلنٹن کو بہترین صدر قرار دیا جو 1990 کی دہائی کے مقبول صدر تھے۔
دوسری جنگِ عظیم کو 69 برس گزر چکے ہیں اور جب سے اب تک 12 شخصیات امریکا کے صدر کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں جن میں سے امریکی باشندے موجودہ صدر اوباما اور ان کے پیش رو جارج ڈبلیو بش کو بدترین قرار دیتے ہیں۔ صدر براک اوباما 2012ءکے صدارتی انتخاب میں اپنے ری پبلکن حریف مٹِ رومنی کو بآسانی شکست دے کر دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔
انتخاب کے بعد سے صدر کو داخلی و خارجی محاذ پر کئی مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث اندرونِ ملک ان کے مخالفین انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
سروے کے مطابق 45 فی صد امریکی رائے دہندگان کاخیال ہے کہ اگر 2012 میں براک اوباما کی جگہ مٹِ رومنی صدر منتخب ہوجاتے تو آج امریکا کی صورتِ حال بہتر ہوتی۔