اوباما کا ’دی انٹرویو‘ کی نمائش کے فیصلے کا خیرمقدم

Obama

Obama

نیویارک (جیوڈیسک) نیویارک میں ہونے والا فلم کا پریمیئر بھی ہیکروں کی طرف سے دھمکیوں کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا امریکی صدر براک اوباما نے فلم کمپنی سونی کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے کہ وہ اپنی فلم ’دی انٹرویو‘ کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کر رہی ہے۔

اس سے قبل سونی پکچرز نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے بارے میں بنائی جانے والی اس مزاحیہ فلم کو سائبر حملے کے بعد ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکہ نے ان حملوں کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا تھا جس کی شمالی کوریا نے تردید کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق اب یہ فلم جمعرات کو تقریباً 200 آرٹ ہاؤسز اور سینیما گھروں میں دکھائی جائے گی جبکہ ہیکروں نے تازہ حملے کی دھمکی دی ہے۔

اس سے قبل اوباما نے سونی پکچرز کے فلم نہ دکھانے کے فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے اسے ’غلطی‘ سے تعبیر کیا تھا۔ ان کے ترجمان ایرک شولز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر نے فیصلے میں تبدیلی کا خیرمقدم کیا ہے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ ’صدر نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ ہم ایک ایسے ملک ہیں جو آزادی رائے اور فنکارانہ اظہار کی آزادی میں یقین رکھتا ہے۔ ’سونی اور اس میں شامل تھیئٹروں کے فیصلے لوگوں کو فلم کے بارے میں اپنی پسند و ناپسند کا اختیار دیتے ہیں اور ہم اس کے نتیجے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘

سونی پکچرز پر کامیاب حملہ کرنے والے ہیکروں کے گروپ نے دھمکی دی تھی جو سینیما گھر بھی اس فلم کی نمائش کریں گے انھیں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ ہیکروں کی دھمکی کے بعد امریکہ کے متعدد سینیماؤں نے ’دی انٹرویو‘ دکھانےسے انکار کر دیا تھا۔ سونی پکچرز نے کہا ہے کہ اسے فخر ہے کہ وہ آزادیِ اظہار کو دبانے والوں کے خلاف کھڑی ہوئی ہے۔

دھمکیاں دینے والے ہیکروں کا تعلق اسی گروہ سے ہے جس نے سونی سے چوری کی گئی ای میلز اور ڈیٹا انٹرنیٹ پر جاری کر دیا تھا۔
خود کو امن کا رکھوالا کہنے والے ہیکروں کے اس گروہ نے ایک حالیہ پیغام میں 9/11 سے بھی بڑے حملوں کی دھمکی دی تھی۔ دوسری جانب امریکہ کی داخلی سکیورٹی کے ذمہ دار ادارے کا کہناہے کہ سینیما گھروں کے خلاف کسی ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی کی کوئی قابلِ اعتبار اطلاعات نہیں ہیں۔ مگر وہ اس گروہ کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کا تجزیہ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل فلم کا نیویارک میں ہونے والا پریمیئر ہیکروں کی طرف سے موصول ہونے والی دھمکیوں کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ فلم میں کام کرنے والے اداکار جیمز فرانکو اور سیٹ روگن نے حالیہ دنوں میں مختلف ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے انٹرویو بھی منسوخ کیے ہیں۔