اوباما کی پیوٹن سے بات چیت، کریمیا سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ

Barak Obama, Putin

Barak Obama, Putin

واشنگٹن (جیوڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے کی منظوری کے بعد امریکی صدر اوباما نے روسی ہم منصب سے فون پر بات کی اور کریمیا سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا۔ روسی صدر کا کہنا ہے کہ انہیں یوکرین میں اپنے مفادات اور عوام کے تحفظ کا حق ہے۔

روسی پارلیمنٹ کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجے جانے کی منظوری کے بعد امریکا نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو فوری طور پر یوکرین بھیجے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے یوکرین کے معاملے پر نیشنل سیکیورٹی حکام سے میٹنگ کے بعد روسی صدر سے فون پر بات کی۔ اور کریمیا سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی اور اس معاملے پر روس تنہا رہ جائے گا۔ جواب میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین میں قوم پرستوں کی مجرمانہ کارروائیوں پر تشویش ہے اور روس کو یوکرین کے عوام اور اپنے مفادات کے تحفظ کا حق ہے۔

یوکرین کے معاملے پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے فریقین سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل یوکرین حکومت نے امریکا، یورپی یونین اور نیٹو سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مدد کی جائے۔