کراچی (جیوڈیسک) آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کپتانی پر سوال سے دامن چھڑا لیا، انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں دور کرنے کا اچھا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کے موقع پر میڈیا نے آفریدی کو گھیر لیا، ان سے پہلا سوال قیادت سنبھالنے کے حوالے سے ہی ہوا مگرانھوں نے اظہار خیال سے معذرت کرلی۔ دیگر موضوعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کرکٹ مضبوط اعصاب کا کھیل ہے، ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط کھلاڑی ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمیں سری لنکا میں ناکامی کو بھول کر مستقبل کے اہم ایونٹس پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں اور خامیوں کو دور کرنے کا موقع میسر آئیگا جو اگلے ٹورز اور ورلڈ کپ کے لیے سود مند ثابت ہوگا، ایک سوال پر آفریدی نے کہا کہ میں رمضان کرکٹ میں شریک نہیں ہوا چنانچہ اس ایونٹ میں ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا، اہل کراچی کو بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گی، انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے کراچی ڈولفنز کی ٹیم مضبوط اور متوازن ہے، ہمیں اسد شفیق، فواد عالم، فیصل اقبال، سرفراز احمد، انور علی اور عاطف مقبول جیسے با صلاحیت کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے، امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔