سری نگر (جیوڈیسک) قابض بھارتی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے 2 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور 2 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تاہم جب ان کی شناخت کی گئی تو وہ عام کشمیری شہری نکلے اور ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ جنرل ہوڈا کا کہنا ہے کہ دونوں مارے جانے والے کشمیری نوجواں کے قتل کی شفاف تحقیقات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ بھارتی فوج نے گزشتہ ہفتے دہشت گردوں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج 1947 سے قابض ہے اور اس وقت جنت نظیر وادی میں 8 لاکہ بھارتی فوج تعینات ہے جو اب تک ہزاروں بے گناہ کشمریوں کا قتل عام کر چکی ہے۔