سری نگر (جیوڈیسک) آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان تجارتی سرگرمیاں معطل ہو نے کے بعد دونوں فریقین میں مذاکرات آج شام 4 بجے ہوں گے۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر سے ہونے والی بین الکشمیر تجارت چار روز سے بند ہے۔ ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیر ریٹائرڈ امتیاز کا کہنا ہے کہ ٹرک سروس بند ہونے کے بعد حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں۔
اس لئے مظفرآباد سری نگر بس سروس غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی ہے۔ آج بھارتی حکام سے ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات شام 4 بجے کمان برج پر ہوں گے۔
آزاد کشمیر کی جانب سے ڈائرکٹر جنرل ٹریڈ اینڈ اتھارٹی بریگیڈئر امتیاز بھارتی حکام سے مذاکرات کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر حکام نے ٹرک سے ممنوعہ سامان کی برآمدگی کا الزام لگا کر آزاد کشمیر کے 22 ٹرک روک رکھے ہیں۔ جس کے بعد کشمیر کے دونوں اطراف تجارت بند ہے۔