مقبوضہ کشمیر : گمنام قبروں کی تحقیقات نہ کرنے پر امریکہ کی بھارت پر کڑٰی تنقید

America

America

سرینگر (جیوڈیسک) امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہونے والی گمنام قبروں کی تحقیقات نہ کرنے پر بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے ، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ان قبروں میں 2 ہزار 943 سے زائد افراد کی لاشیں موجود ہیں جنہیں 1990 سے 2009 کے درمیان ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ایک اخبار کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت میں انسانی حقوق کے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اگرچہ بھارت نے گمنام قبروں کی تحقیقات پر رضامندی ظاہر کی تھی تاہم تاحال کوئی تحقیقات نہیں کی گئی جبکہ کالے قانون کے تحت کی گئیں کارروائیوں کا کوئی ریکارڈ بھی دستیاب نہیں ہے۔

دریں اثنا بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ 2010 کے انتفادہ میں 128 کشمیریوں کی شہادت کی تحقیقات کسی بااختیار غیر سرکاری ادارے سے کرائی جائے اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بارہ مولہ کے علاقے میں بھارتی فوج کے ایک کیپٹن نے مقامی شہری کو مخبر بننے سے انکار کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکے جسم کو گرم استری سے داغ دیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے برطانوی شہریوں کوخبردار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقامات کا سفر نہ کریں۔