سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 2 بھارتی سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ ضلع پلوامہ میں مسلح افراد نے بارڈر سکیورٹی فورسز کے کانوائے پر حملہ کیا۔
جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہلاک ہونے والے اہلکار بی ایس ایف کی 150 ویں بٹالین میں تعینات تھے۔ حملے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے حملے میں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
دوسری جانب قصبہ بانڈی پورہ میں لوگوں نے ایک معمر شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کرنے والے تین بھارتی فوجیوں کی ٹھکائی کر دی۔ اہلکاروں نے معمر شخص کو بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی۔