سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کمانڈو ٹریننگ سینٹر پر حملہ کے دوران 5 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ قابض فوج نے 14 گھنٹے مقابلے کے بعد 2 حملہ آوروں کو بھی مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی حکام نے پاکستان پر الزام تراشیاں شروع کر دیں۔
ضلع پلوامہ کا آونتی پورہ کمانڈو ٹریننگ سینٹر گولیوں اور دھماکوں سے گونج اٹھا۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 2 بجے 3 حملہ آوروں نے 185 ویں بٹالین کے کیمپ میں داخل ہوتے ہی فائر کھول دیئے۔ حملے میں سینٹرل ریزور پولیس فورس کے کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔
بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے کیمپ کو گھیر کے آپریشن کیا۔ قریبی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔ حکام نے 14 گھنٹے بعد 2 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا۔
آئی جی سی آر پی ایف روی دیپ ساہی اور ڈی جی پولیس ایس پی وید نے تحقیقات کے بغیر ہی پاکستان پر الزام لگا دیا۔ وید کا کہنا ہے کہ 2، 3 روز سے حملہ آوروں کی علاقے میں داخلے کی اطلاعات تھیں۔
مبصرین نے سوال کیا ہے کہ اگر اطلاعات تھیں تو ہزاروں بھارتی فوجی حملہ آوروں کو گرفتار کرنے میں کیوں ناکام رہے؟