سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے خاتمے اور دونوں ملکوں کے مابین مذاکراتی عمل بحال کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کو حکومت اور اپوزیشن نے بھاری اکثریت سے منظور کیا جس میں دونوں ممالک سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کے تحفظ اور ان کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد میں بھارت اور پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل کو فوری بحال کریں۔
قرارداد میں مقبوضہ کشمیر کی حکومت سے یہ بھی کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے باعث متاثر ہونے والے افراد کے ریلیف اور بحالی کے لئے فوری اقدامات کے ساتھ ان کی تمام ضروریات کو بھی پورا کیا جائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے نئی دلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کو جواز بناکر اسلام آباد میں 25 اگست کو ہونے والے سیکرٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے تھے ،دوسری جانب گزشتہ چند روز میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 3 پاکستانی شہید جب کہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔