سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بدترین سیلاب سے ڈھائی سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں لاپتہ ہوگئے ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں محض چند علاقوں تک ہی محدود ہیں۔
چھٹی دہائی کے بدترین سیلاب سے مقبوضہ کشمیر میں اب تک ڈھائی سو افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔ سری نگر، پونچھ ،جواہر نگر سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں کئی فٹ پانی میں ڈوبی ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث کئی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء کی شدید قلت ہو چکی ہے۔
دور دراز علاقوں میں لوگ تاحال امداد کے منتظر ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث ان کے گھر ڈوب چکے ہیں اور امدادی کارروائیاں محض چند علاقوں تک محدود ہیں۔
مقبوضہ وادی میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے باعث لوگ مشتعل نظر آتے ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔