مقبوضہ کشمیر میں فراڈ انتخابات پر کل ہڑتال کا اعلان

Kashmir

Kashmir

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں گاندربل اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں کل نام نہاد اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے پرمکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنماسید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ اے پی ایچ سی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا۔

کہ کشمیریوں کو نام نہادانتخابات کو بالکل مسترد کر کے عالمی برادری کو ایک بارپھر باورکرانا چاہیے کہ وہ کشمیرپر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور یہ کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کاہرگز نعم البدل نہیں۔ انھوں نے کہاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کی راہ میں مسئلہ کشمیربنیادی رکاوٹ ہے اور پاکستان وبھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیرکا کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں شہید ہونے والے شیرازاحمد گنائی، آصف احمداور شبیراحمد گوجرنامی نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

ادھرجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک کوصورہ اسپتال سے واپس اسلام آبادجیل میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بھارتی پولیس نے تنظیم کے متعدد دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ بھارتی پولیس کی ظالمانہ کاروائیوں کے باوجود لبریشن فرنٹ کی نام نہاد الیکشن بائیکاٹ مہم جاری ہے۔

یاسین ملک کو دونوں گردوں میں پتھری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیاتھا۔ بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے پلوامہ اورکولگام کے سیلاب سے متاثر 50 بے گھرخاندانوں میں 10,10ہزار روپے کے چیک اور دیگراشیا پرمشتمل پیکٹس تقسیم کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کریں۔ انھوں نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو بیماری کی حالت میں اسلام آبادجیل منتقل کرنیکی مذمت کی۔