سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیرکے ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائی میں جھڑپ کے دوران4مجاہدین کو شہید اور ایک کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ رات لائن آف کنٹرول کے قریب قاضی نگر دھار کے علاقے میں 3 سے 5 جنگجوؤںپر مشتمل ایک گروپ نے کنٹرول لائن عبور کی جس کے بعد جنگجو لچھی پورہ بجہامہ کے علاقے سکسریاں میں داخل ہوگئے جہاں بھارتی فوجیوں نے انھیں گھیر لیا۔ بھارتی فوج نے4 مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیاہے۔
ذرائع کے مطابق فوجی اہلکاروں نے اوڑی اور نوگام میں حد متارکہ کے متصل وسیع گھنے جنگلات کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔فوج کو خدشہ ہے کہ کئی جنگجوجنگلات میں چھپے ہوئے ہیں اور انھیں ڈھونڈ نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کے خصوصی تربیت یافتہ اہلکاروں پیرا ٹروپرس کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگلات میں اتار اگیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فورسز کے آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے اس دور ان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے مقامی لوگوں نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔